لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کی انٹیگریٹی کمیٹی نے سابق کپتان شعیب ملک کو کلیر کر دیا جس کے بعد دورہ زمبابوے میں ان کی شمولیت کے امکانات روشن ہو گئے۔ انٹیگریٹی کمیٹی کا اجلاس پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ کی صدارت میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوا جس میں شعیب ملک کی جانب سے فراہم کردہ ان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات کی جانچ پڑتال کی گئی، اس حوالے سے دو اجلاس پہلے بھی منعقد کیے جا چکے ہیں اور کمیٹی کو اس بات کے ثبوت نہیں ملے کہ شعیب ملک کبھی میچ فکسنگ یا اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہوئے ہوں۔ اس سے قبل دورہ زمبابوے کے لئے شعیب ملک کی انٹیگریٹی کمیٹی کی کلیئرنگ سے مشروط کی گئی تھی لہذا آج کے فیصلے کے بعد ان کی دورہ زمبابوے کیلئے ٹیم میں شمولیت کے امکانات روشن ہو گئے، اس کے علاوہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں سینٹرل کنٹریکٹ دیے جانے والے کھلاڑیوں میں بھی شامل کر لیا جائے گا۔