لیاری : مقابلے میں ہلاک نوجوان ایوان صدر کے سیکیورٹی گارڈ کا بھائی نکلا

Lyari

Lyari

کراچی: (جیو ڈیسک) افضل ندیم ڈوگر گزشتہ رات لیاری میں مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے جنید اور شیراز کے متعلق 22سالہ شیراز ولد یحیی کے چچا آصف بلوچ نے جنگ کے دفتر پہنچ کر بتایا کہ شیراز کے ایم سی میں کنٹریکٹ پر ملازمت کرتا تھا جس کا والد لیاری ٹاؤن میں سٹی گورنمنٹ میں سیکورٹی آفیسر ہے، مقتول بدھ کی شب اپنے دوست جنید کے ساتھ اپنی بیمار پھوپھی کو اسپتال لے کر گیا تھا جسے داخل کرا کر موٹر سائیکل پر شاہ بیگ لین بغداد لیاری کی گلی نمبر دس میں واقع اپنے گھر وآپس جا رہا تھا کہ لیمارکیٹ کے قریب پولیس نے چیکنگ کے دوران انہیں روکا اور پھر ساتھ لے گئے،

بعد ازاں اہل خانہ دونوں کو رات بھر تلاش کرتے رہے، آج صبح مقابلے میں ہلاک ہونے والوں کی اخبار میں تصاویر دیکھ کر شناخت کی، آصف بلوچ کے مطابق انہیں جعلی مقابلے میں ہلاک کیا گیا اور پولیس ہلاک شدگان کی لاشیں بھی لواحقین کو نہیں دے رہی۔ آصف بلوچ کے مطابق مارے جانے والے جنید کا بھائی سراج کراچی کے ایوان صدر بلاول ہاؤس میں سیکورٹی کی ڈیوٹی پر مامور ہے۔