لیبیا کے سابق آمر معمر قذافی کی ان کے آبائی شہر سرت میں ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ان کی لاش مصراتہ پہنچا دی گئی ہے جبکہ لاش کی تصاویر بھی جاری کر دی گئی ہیں لیبیا میں قومی عبوری کونسل کے جنگجووں نے سرت شہر کے مرکزی علاقے پر قبضہ کر نے کے بعد وہاں پر اپنا جھنڈا گاڑ دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق معمر قذافی کو ان کے آبائی شہر سرت میں واقع رہائش گاہ پر باغی فوج کے کمانڈرز نے شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا ۔اطلاعات کے مطابق قذافی نے ایک گھڑے میں پنا ہ لے رکھی تھی۔ جنگجوں نے دعوی کیا ہے کہ سابق آمر گولی نہ مارنے کی التجا کر رہے تھے ۔ پہلے ان کی زخمی ہونے کی ایک تصویر میڈیا پر جاری کی گئی تاہم بعد میں ایک اور تصویر جاری ہوئی جس میں وہ دم توڑ چکے ہیں ۔آخری اطلاعات تک معمر قذافی کی لاش سرت سے مصراتہ پہنچا دی گئی ہے جہاں وہ ایک مسجد میں رکھی گئی ہے۔