افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے مارک گراسمین انقرہ اور اسلام آباد کی دورے پر روانہ ہو گئے۔ ترکی کے دورے میں مارک گراسمین بین الاقوامی رابطہ گروپ برائے افغانستان کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں ٹوکیو کانفرنس اور شکاگو میں منعقدہ نیٹو اجلاس کی روشنی میں افغانستان میں سلامتی اور ترقی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا، اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں مارک گراسمین پاکستان پہنچیں گے جہاں وہ اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سمیت اعلی پاکستانی حکام سے ملاقات کریں گے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے معاملات کے حوالے سے بات چیت کریں گے، مارک گراسمین صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کی نیویارک میں ہیلری کلنٹن سے حالیہ ملاقات کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گے ۔ اپنے دورے کے دوران مارک گراسمین حالیہ پاک، امریکہ لا انفورسمنٹ اور دہشت گردی کیخلاف جنگ کے حوالے سے ورکنگ گروپ کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔