پشاور(جیوڈیسک)پشاور کے نواحی علاقے متنی میں غازی آباد چوکی پر حملے میں شہید ہونے والے ایس پی خورشید خان اور پانچ اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ وزیراعلی امیر حیدر ہوتی کہتے ہیں دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔
پولیس لائن پشاور میں ادا کی جانے والی نماز جنازہ میں وزیراعلی امیر حیدر ہوتی، صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین سمیت صوبائی کابینہ کے ارکان اور پولیس حکام نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلی امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ ملک حالت جنگ میں ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتحار حسین نے کہا کہ بہانوں کی اب کوئی گنجائش نہیں ہے۔
وزیرستان سمیت جہاں بھی دہشت گرد ہوں گے ان کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ غازی آباد چوکی پر گزشتہ رات تین سو سے زائد شدت پسندوں نے حملہ کر دیا تھا جس میں ایس پی اور پانچ سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ وزیرداخلہ رحمان ملک نے شہید ایس پی خورشید خان کے لئے تمغہ شجاعت کا اعلان کیا ہے۔