محرم الحرام کے سلسلہ میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ، سید غلام مصطفی گیلانی

گجرات (جی پی آئی)محرم الحرام کے سلسلہ میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ، اور سٹی پولیس فول پروف سیکورٹی انتظامات کرے گی ، ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی سٹی سید غلام مصطفی گیلانی نے انجمن کاظمیہ محلہ نور پور پڈ ھے کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ تمام مقامی لوگوں اور مذہبی تنظیموں کے سربراہان سے میٹنگیں کی جا رہی ہیں ، تا کہ امن و امان بحال رکھا جا سکے ، تمام مجالس میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہو گی ۔

واک تھرو گیٹ نصب کیے جائینگے اور تمام مجالس کی خفیہ کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے ریکارڈنگ کی جائے گی ، تا کہ مشتبہ افراد پر نظر رکھی جا سکے ، لیڈیز پولیس اور کمانڈوز بھی تعینات کیے جائینگے ، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام تمام مسالک کیلئے مقدس مہینہ ہے اس مہینہ میں سب کو مل جل کر رہنا چاہیے تا کہ امن برقرار رکھا جا سکے ۔

ڈی سی او گجرات اور ڈی پی او گجرات کی سربراہی میں میٹنگیں جاری ہیں ، اس موقع پر صدر انجمن کاظمیہ سید نوازش علی کاظمی ، سید فیضان کاظمی ، سید سلیمان باقر کاظمی ، سید جابر کاظمی ، سید عون عباس کاظمی نے اپنے علاقہ کے مسائل سے ڈی ایس پی سٹی کو آگاہ کیا تا کہ محرم الحرام کے موقع پر کوئی مشکل پیش نہ آئے ۔