محکمہ موسمیات کی پہلی بارش نے حکومتی تعمیروترقی کا پول کھول کر رکھ دیا
Posted on August 7, 2012 By Geo Urdu سٹی نیوز
بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر )جماعت اسلامی ضلع بھمبر کے امیر ڈاکٹر ریاض احمد نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پہلی بارش نے حکومتی تعمیروترقی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے ۔کروڑوں روپے کی لاگت سے بننے والے منصوبے بربادی کی نظر ہو گئے ہیں ۔سماہنی بائی پاس پر بڑا شگاف ،حفاظتی دیواروں کا بہہ جانا محکمہ ہائی وے حکومت اور اپوزیشن کی ملی بھگت کی وجہ سے ہوا ۔ڈاکٹر ریاض احمد نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے گجرات روڈ وکو دکانداروں اور شہریوں کے لیے عذاب بنا دیا گیا ۔انہوں نے بھمبر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ بائی پاس روڈ موجودہ ایم ایل اے کے سابق دور میں تعمیر ہوئی۔
اسے نالہ کے کناروں پر محکمہ جنگلات کی پرانی دیواروں پر ہی بنا یا گیا ۔یہ دیواریں ناقص میٹریل سے بنی تھیں جس کی وجہ سے اب نہ صرف حفاظتی دیواریں ٹوٹ رہی ہیں ۔بلکہ سڑک پر بھی شگاف پڑ گیا ہے ۔جبکہ نصف کروڑ سے تعمیر کردہ کریٹ بندی بھی تباہ ہو رہی ہے ۔جس کو سابق سپیکر اسمبلی کے کزن نے تعمیر کروایا تھا ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ محکمہ ہائی وے کی ہٹ دھرمی سے گجرات روڈ کی غلط تصریحات پر تعمیر کی گئی جس کی وجہ سے اربوں روپے کی جائیداد ناکارہ ہو کر رہ گئی ہے ۔انہوں نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ بھمبر کے ان منصوبوں پر پر انکوائری کروائیں ۔اور ان منصوبوں میں کی گئی کرپشن کو عوام کے سامنے لائیں۔