Muslim League (N) 6. Calling for the Prime Minister
مسلم لیگ (ن) نے نگران وزیر اعظم کے لئے 6 نام تجویز کر دیئے، چاروں صوبوں کے گورنرز بھی تبدیل کرنے کا مطالبہ۔
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نگران وزیراعظم کے لئے تجویز کی گئی شخصیات میں عطا اللہ مینگل، عاصمہ جہانگیر، محمود خان اچکزئی، جسٹس (ر) اجمل میاں، جسٹس شاکر اللہ جان اور جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد کے نام شامل ہیں۔ اس سے قبل رائیونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے نگران حکومت کو غیر سیاسی گورنروں سے مشروط کر دیا ہے۔ انتخابات سے قبل چاروں صوبوں کے گورنرز کو تبدیل ہونا چاہیے۔ ہمیں کسی صوبے کے گورنر پر اعتماد نہیں ہے۔ انتخابات سے قبل غیر سیاسی گورنروں کی تعیناتی سے انتخابات شفاف ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کے دو بیٹے آئندہ انتخابات میں حصہ لیں گے جس کا وہ سیاسی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے لئے 4 نام شارٹ لسٹ کئے جائیں گے۔