لاہور (جیوڈیسک) لاھور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے بعد مسلم لیگ ن کے قائدین نے بھی یکم جنوری سے سندھ، بلوچستان اور پختونخوا میں انتخابی جلسے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائدین کے جلسوں کے لیے صوبائی تنظیموں اراکین اسمبلی نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اور اس بار ن لیگ ذمہ دار خود مختار اور خوشحال پاکستان کے نعرے پر اپنی رابطہ عوام مہم شروع کررہی ہے۔ پنجاب کے علاوہ تینوں صوبوں میں خصوصا بلوچستان کے بلوچ علاقوں اور اضلاع میں نوازشریف انتخابی مہم چلائیں گے۔
پشتون اضلاع میں وزیراعلی شہباز شریف خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ میں نوازشریف جبکہ سوات، دیر، ہزارہ ڈویژن کے اضلاع میں شہباز شریف اور کراچی اور اندرون سندھ کے علاقوں میں نوازشریف اور شہباز شریف انتخابی جلسوں اور پارٹی کنونشن سے خطاب کریں گے جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں رابطہ عوام مہم کا یہ سلسلہ فروری مارچ پر چھوڑا جارہا ہے۔دوسری جانب پنجاب کے مختلف اضلاع میں مکمل ہونے وا لی ترقیاتی اسکیموں اور دیگر پراجیکٹس کے افتتاح کا سلسلہ 18دسمبر سے 30دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔