ملتان تحریک انصاف کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار علی خان نے ایٹمی دھماکوں کی سب سے زیادہ مخالفت کی، مسلم لیگ ن کے پنجرے کا دروازہ کھل گیا ہے اور پنچھی اڑ رہے ہیں، نواز شریف کو وہ 8 لوگ پیارے لگتے ہیں جو جلاوطنی کے دوران ملک چھوڑ کر باہر چلے گئے۔ یہ بات انہوں نے ملتان میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ اگلے عام انتخابات کیلئے جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع میں مسلم لیگ ن کے پاس کوئی امیدوار ہی نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار علی خان اپنے بچوں کی امریکی شہریت کے بارے میں کیوں نہیں بتاتے، وہ عمران خان پر قوم کے اعتماد کو خراب کرنے کیلئے الزامات لگا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ساتویں جماعت کی بیٹی اور 4 سالہ نواسی کو بھی کرپشن کے جھوٹے الزامات میں نیب نے کٹہرے میں کھڑا کیا، لیکن نواز شریف کے بچوں کا نام لیں تو انہیں برا لگتا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا نواز شریف کو وہ 8 لوگ پیارے لگتے ہیں جو جلاوطنی کے دوران ملک سے باہر چلے گئے۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے حلقے کے ترقیاتی فنڈ کے نام پر پاکستان پیپلز پارٹی سے 3 ارب روپے لئے۔ ان کا کہنا تھا کہ 8 افراد کا ٹولہ میاں نواز شریف کی جلا وطنی کے بعد معافی مانگ کر ملک سے باہر چلا گیا اسی ٹولے نے مجھ سمیت کھوسہ خاندان کی سب سے زیادہ مخالفت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نا تو صنعتکار ہے اور نا ہی جاگیر دار وہ تو ایک کھلاڑی تھا جس کو ٹیکس کاٹ کر رقم ملتی تھی احتساب تو انکا ہو جو اقتدار میں رہے۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں نے ساری زندگی عدلیہ کی بالا دستی کیلئے جنگ لڑی دونوں بڑی پارٹیوں نے عدلیہ کے اختیارات کو 6 مرتبہ کم کیا۔