قاہرہ : مصر کے شہرجرجا میں مشتعل مظاہرین نے پولیس کے مرکز پر حملہ کر کے وہاں موجود اسلحے پر قبضہ کر لیا اور کئی گاڑیوں کو بھی نذرآتش کردیا۔ مشتعل افراد کا پولیس مرکز پر حملہ مقامی شہریوں کے تحفظ میں پولیس کی غفلت کے خلاف بطور احتجاج کیا گیا۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس انہیں قرب و جوار کی آبادیوں میں چھپے تخریب کار عناصر سے تحفظ دلانے میں کوتاہی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ جرجا شہر کے مشتعل افراد نے ایک مقامی پولیس تھانے پر چڑھائی کر دی ۔ تھانے میں حراست میں رکھے گئے تمام افراد کو چھڑانے کے بعد وہاں رکھا گیا اسلحہ قبضے میں لے لیا اور کئی گاڑیوں کو بھی نذرآتش کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں کشیدگی اب بھی برقرار ہے تاہم کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کے دستے گشت کر رہے ہیں۔