امریکہ میں اکوپائے وال سٹریٹ تحریک کے مظاہرین دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں داخل ہوگئے۔ شدید بارش کے باوجود پرعزم مظاہرین نے اپنا مارچ جاری رکھا اور واشنگٹن میں داخلے میں کامیاب رہے۔ سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف مظاہرہ کرنے والے مظاہرین نے امریکہ کے قومی پرچم اور منافع سے پہلے عوام کے الفاظ پر مشتمل نارنجی رنگ کے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین واشنگٹن میں میک فرسن اسکوائر میں اکھٹے ہو رہے ہیں جہاں سے وہ کیپٹل ہلز کی طرف سے روانہ ہوں گے۔ مظاہرین کی بڑی تعداد ڈرم اٹھائے ہوئے ہے جو اسکوائر میں اکھٹے ہونے کے بعد نعروں کے ساتھ بجائے جائیں گے۔ ان مظاہرین کی تعداد 20 ہزارکے قریب ہے جبکہ تحریک سے وابستہ باقی مظاہرین نیویارک وال سٹریٹ کے قریب پارک میں بدستور ڈیرے لگائے ہوئے ہیں۔ ان مظاہرین کو نیویارک سے واشنگٹن پیدل آنے میں 13 روز کا وقت لگا۔