مغربی یورپ (جیوڈیسک) مغربی یورپ کے ممالک میں موسم کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ برف باری اور برفانی ہواؤں سے 24 گھنٹوں میں 13 افراد ہلاک ہو گئے۔ انتہائی شدید سرد موسم نے یورپ کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ لوگ گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں اور نظام زندگی مفلوج ہوچکا ہے۔ برف سے اٹی سڑکوں پر گاڑی چلانا تو مشکل ہے ہی ریلوے اور فضائی ٹریفک بھی متاثر ہوئی ہے۔
برطانیہ اور فرانس نے آج بھی 20 سے 40 فیصد کم پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ برف باری اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے فرانس میں مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 3 فوجی بھی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ میں 4 کوہ پیما برف کے طوفان کی زد میں آکر مارے گئے۔ اسپین میں بھی 2 اور پرتگال میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔یورپی ممالک میں موسم کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور مزید افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔