کراچی(جیوڈیسک)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹیکسٹائل اور اسپننگ ملز کی جانب سے روئی کی محتاط خریداری اور پھٹی کی رسد کے باعث روئی کے بھائو میں نسبتا استحکام رہا۔
کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی سپاٹ ریٹ کمیٹی نے سپاٹ ریٹ میں فی من50 روپے کی کمی کرکے سپاٹ ریٹ فی من 5550 روپے کے بھائو پر بند کیا۔ صوبہ سندھ اور پنجاب میں روئی کا بھائو فی من 5500 تا 5650 روپے، پھٹی کا بھائو فی 40 کلو 1600 تا 2300 روپے بنولہ کواٹرز کے مطابق فی من 600 تا 850 روپے رہا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین اور فیڈریشن کی کاٹن کمیٹی کے نائب صدر نسیم عثمان نے بتایا کہ گزشتہ بارشوں کے باعث کپاس کی فصل کو بمشکل پانچ تا چھ لاکھ گانٹھوں کا نقصان ہونے کا اندازہ ہے۔