راولپنڈی(جیوڈیسک)ملالہ کی صحت کیلئے آئندہ چھتیس سے اڑتالیس گھنٹے اہم ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ ملالہ پر حملے کی تحقیقات ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کا عمل جاری ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسف زئی کو آئی سی یو میں شفٹ کر دیا گیا جو تاحال بے ہوش اور وینٹی لیٹر پر ہے ۔ اس کی صحت کیلئے آئندہ چھتیس سے اڑتالیس گھنٹے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی ماہر ڈاکٹر ملالہ کا علاج کر رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کا بورڈ مسلسل مشاورت کر رہا ہے جن کے مطابق ملالہ کی حالت تسلی بخش ہے اور اس کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی ہدایت پر ملالہ یوسف زئی کو راولپنڈی منتقل کیا گیا تاہم بیرون ملک بجھوانے کا فیصلہ نہیں ہوا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملالہ پر حملے کی تحقیقات، ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملالہ کے خاندان اور رشتہ داروں کو خصوصی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔