ملتان : (جیو ڈیسک) مکان کا معاوضہ نہ ملنے پر خود کشی کرنے والے نوجوان کے لواحقین کو ایک کروڑ کی رقم تو مل گئی لیکن ان کا غم کم نہ ہو سکا.
فلائی اوور سے چھلانگ لگا کر خود کشی کرنے والے امجد کی ماں کے آنسو رکتے ہی نہیں۔افسوسناک حادثے کے بعد این ایچ اے نے لواحقین کو ایک کر وڑ اور بارہ لاکھ روپے کی رقم ادا کر دی لیکن اس رقم سے ماں کی آنکھوں کا نور تو واپس نہیں آ سکتا ۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امجد نے رقم کی ادائیگی کے لیے ڈی سی آفس سے رابطہ نہیں کیا تاہم لواحقین کی درخواست پر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ بیوہ شاہدہ یاسمین اور اسکے تین یتیم بچے امجد کی موت کا دکھ بھلا نہیں پا رہے ۔ متاثرہ خاندان نے فلائی اوور سے دور ہونے کے لیے گھر کا باقی حصہ بھی فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔