ملکی خودمختاری کیخلاف کوئی فیصلہ نہیں ہونا چاہئے۔ چوہدری نثار

chaudhry nisar

chaudhry nisar

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کے حوالے سے تحفظات رکھتی ہے کسی کی ضمانت کی ضرورت نہیں عملدرآمد ہو تا نظر آیا تو بات آگے بڑھے گی۔

اسلام آباد میں ن لیگ کے اعلی سطعی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے کہا کہ عسکری اور سیاسی قیادت نے ن لیگ کے موقف کی تائید کی ہے واضع ہو گیا ہے کہ نیٹو سپلائی کے حوالے سے کوئی کسی سے گٹھ جوڑ نہیں کررہا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کی ازادی اور خود مختاری کا تماشا لگانے والوں کے خلاف رکاوٹ ہے۔

چودھری نثار نے کہا کہ اگر سفارشات پر عمل نہ ہوا تو پارلیمنٹ ،حکومت اور ملک کی تضحیک ہو گی انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کل جماعتی کانفرنسوں اور متفقہ قرار دادوں پر عملدرا مد کیوں نہیں ہوا اور آئندہ اس حوالے سے کیا ضمانت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سلالہ حملے پر اب معافی نہیں ذمے داروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی طاقتوں کی بہت خد مت ہو چکی واضع مؤقف نہ آیا تو ن لیگ ان سفارشات کا حصہ نہیں بنے گی۔

چودھری نثار نے کہا کہ ن لیگ نے مسلہ کشمیر کے حل اور ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی شقیں بھی سفارشات کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی بہت سی سفارشات ملکی مفاد میں ہیں خارجہ پالیسی کے حوالے سے تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر سے ملاقات میں بھی انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔