وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ ملک میں القاعدہ کے بعض رہنما موجود ہیں۔ یونس الموریطانی کو کسی دوسرے ملک کے حوالے نہیں کیا جارہا۔ شہر قائد میں چودہ ہزار ایکڑ زمین پر لینڈ مافیا کا قبضہ ہے جس میں تمام سیاسی جماعتیں ملوث ہیں۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیاسی جماعتوں میں کشیدگی کا فائدہ جرائم پیشہ گینگ اٹھا رہے ہیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ان کا کسی دہشت گرد تنظیم سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رینجرز کے آپریشن میں 590 افراد گرفتار ہوئے جن میں سے 68 ٹارگٹ کلرز تھے، وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی غیر ملکی سفارت کار کو دوسرے شہر بغیر اجازت نقل و حرکت کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ اس کے علاوہ صحافیوں کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔