ملک میں صنعت وتجارت کی بہتری کے لیے تاجر برادری کا تحفظ بہت ضروری ہے۔ حلیم عادل شیخ
Posted on January 29, 2013 By Majid Khan کراچی
کراچی(جی پی آئی)مسلم لیگ قائد اعظم کے صوبائی جنرل سیکرٹری حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ ملک میں صنعت وتجارت کی بہتری کے لیے تاجر برادری کا تحفظ بہت ضروری ہے ۔پاکستان کے سیاسی مسائل اور دیگر بحرانوں کا خاتمہ عوام کی فلاح وبہبود میں چھپا ہے ۔ملکی سرمایہ دار اپنی سرمایہ کاری اور صنعتیں دوسرے ممالک میں منتقل کرنے کی بجائے ملک میں اپنا کاروبار کرکے پاکستان کا نام روشن کریں۔
بزنس کمیونٹی کے رہنما محمد عرفان کا قتل معیشت کا قتل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہوگی، پوری تاجر برادری کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں کیا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہماری کمزوری اور جھگڑوں کا فائدہ ملک دشمنوں کو ہورہا ہے۔کراچی میں بدامنی کا اصل مسلہ اگر سیاسی ہے تو مسلم لیگ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اس کو سیاسی طور پر حل کرنے کی اپیل کرتی ہے کیونکہ یہ مسلہ عوام اور سیاستدانوں کو مل کرحل کرنا ہوگا کیونکہ کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنانے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔سیاسی انتشار کی وجہ سے ملک کی معاشی صورتحا ل بھی کمزور ہوتی جارہی ہے اس کے لیے یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ جو کچھ ہورہا ہے وہ ایک جمہوری حکومت میں نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے اگر بے یقینی کا خاتمہ نہ کیا گیا تویہاں پر کاروبار کرنا بہت مشکل ہوجائے گا کیونکہ معاشی ترقی اور خوشحالی میں کراچی کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com