ملک کو ترقی دھرنوں یا احتجاجی ریلیوں سے نہیں دی جا سکتی۔ اعجاز الحق

 Ijaz-ul-Haq

Ijaz-ul-Haq

فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے کہا ہے کہ احتساب کے حق میں خیبرپختونخوا میں ریلی نکال کر اپنی ہی صوبائی حکومت کیخلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے’ملک کو ترقی دھرنوں یا احتجاجی ریلیوں سے نہیں دی جا سکتی۔

کشمیریوں کیساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں’ 17 اگست کو شہید جنرل ضیاء الحق کی برسی نہایت عقیدت و احترام کیساتھ منائی جائے گی وہ اتوار کی شام یہاں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تمام تر پالیسیاں ناکامی سے دوچار ہیں’ وہ پہلے کئی ماہ تک شاہراہ دستور پر دھرنا دے کر دیکھ چکے تھے’ اب انہوں نے احتساب کے حق میں پشاور سے ریلی نکال کر اپنی ہی صوبائی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے’ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی بربریت پر مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 7 لاکھ سے زائد بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہے ہیں جبکہ ہماری کشمیرکمیٹی اس سلسلے میں حق ادا نہیں کررہی’ اس کمیٹی کے قیام کا مقصد ہی کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم پر آواز اٹھانا ہے مگرابھی تک کوئی آواز نہیں اٹھائی گئی جس پر افسوس ہے’ وزیراعظم آئندہ ماہ ستمبر میں اقوام متحدہ جا رہے ہیں۔

انہیں چاہیے کہ وہ سلامتی کونسل میں بھارتی جارحیت کیخلاف بھر پور آواز اٹھائیں’ اعجاز الحق نے 17 اگست کو شہید جنرل ضیاء الحق کی برسی بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حسب روایت امسال بھی شہید کی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی’ فیصل آباد سے ہمیشہ شہید کے چاہنے والوں نے بھرپور شرکت کی ہے اور اس بار بھی کثیر تعداد میں کارکن برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے ‘ اس موقع پر میاں ساجد حسین انجم اورشہباز علی گلزار بھی ان کے ہمراہ تھے۔