پاکستان : (جیو ڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف حصوں میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
مغربی ہواں کے سسٹم نے پاکستان کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ رات کو راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ ہونیوالی موسلا دھار بارش نے موسم کو خوشگوار کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، سرگودھا ڈویژن، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، بنوں اور کوہاٹ ڈویژن سمیت شمال مشرقی بلوچستان، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بارش کا حالیہ سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ اتوار تک جاری رہے گا جبکہ بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختون خواہ میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔