اسلام آباد : میمو گیٹ اسکینڈل کے مرکزی کردار منصور اعجاز نے سیکورٹی خدشات کے باعث پاکستان آنے سے انکار کر دیا، کہتے ہیں کہ بیان لندن یا زیورخ میں ریکارڈ کیا جائے، ان کے وکیل اکرم شیخ کا کہنا ہے کہ منصور اعجاز کو پاکستان بلا کر پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ نے ان سے ٹیلی کانفرنس پر بات چیت کی۔ بعد میں اکرم شیخ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ منصور اعجاز سے ٹیلی کانفرنس پر بات ہوئی ہے۔ بات چیت کے دوران منصور اعجاز کو سیکورٹی کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی کانفرنس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منصور اعجاز کے سیکورٹی خدشات کا کوئی جواب نہیں دیا گیا، کسی نے بھی منصور اعجاز کے خدشات دور کرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی۔ اکرم شیخ نے کہا کہ حکومت نے منصور اعجاز کو غیرمعینہ مدت تک روکنے کا جال بچھایا ہے، منصور اعجاز کو پاکستان بلا کر پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصور لندن یا زیورخ میں بیان ریکارڈ کرنے کی درخواست دیں گے، کمیشن جہاں بھی مناسب سمجھے منصور اعجاز بیان دینے کے لئے تیار ہے۔ کمیشن کسی غیر ملکی کو طلب کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔