سپریم کورٹ میں میمو گیٹ اسکینڈل سے متعلق عسکری و سیاسی قیادت کو جواب جمع کرانے کا آج آخری روز ہے۔ آرمی چیف کا جواب اٹارنی جنرل آفس بھجوا دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے حسین حقانی کی اپیل سماعت کے لئے منظور کرلی ہے۔ سابق سفیر کی درخواستوں اور میمو اسکینڈل کیس کی سماعت انیس دسمبر کو ہو گی۔ سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت کے بعد حسین حقانی کے ملک چھوڑنے پر پابندی کا حکم جاری کیا تھا۔جس پر سابق سفیر نے یہ حکم واپس لینے کی درخواست دائر کی تھی۔ رجسٹرار نے ان کی درخواست پر یہ اعتراض کیا تھا کہ وہ فیصلہ واپس لینے کی نہیں بلکہ نظر ثانی کی استدعا کر سکتے ہیں۔ اس اعتراض کے خلاف حسین حقانی نے اپیل داخل کی جس میں انھوں نے موقف اختیار کیا کہ نظر ثانی کی استدعا کا مطلب انہیں سنے جانے کے حق سے محروم کرنا ہے۔ چیف جسٹس نے حسین حقانی کی اپیل منظور کر لی۔