امریکی صدر براک اوبامہ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر جنرل جیمز جونز نے کہا ہے کہ میمو گیٹ اسکینڈل میں ان کا کردار معمولی نوعیت کا تھا۔ انہوں نے صرف منصور کا دیا ہوا خط دس مئی کو مائیک مولن کو ای میل کیا تھا۔ امریکی صدر براک اوباما کے قومی سلامتی پر سابق مشیر جنرل جیمز جونز نے منصور اعجاز کے قریبی واقفیت کے دعووں کی تردید کر تے ہوئے کہا کہ منصور اعجاز کے گہری دوستی کے دعووں میں کوئی حقیت نہیں۔ میمو گیٹ اسکینڈل میں میرا کردار معمولی تھا۔ منصور نے ایک خط ایڈمرل مائیک مولن کو پہنچانے کو کہا تھا لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ خط کیا تھا اور کس نے بھیجا تھا اور نہ ہی انھوں نے گفتگومیں حسین حقانی کا نام لیا۔ جیمز جونز نے کہا کہ ان کے لئے یہ بات حیرت کا باعث تھی کہ پاکستانی حکام منصور اعجاز کے ذریعے پیغام امریکی حکام کو پہنچانا چاہتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انھوں نے کوئی پیغام زبانی طور پر پہنچانے سے معذرت کرلی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میمو میں جو زبان استعمال کی گئی وہ منصور اعجاز کے انداز سے مشابہت رکھتی ہے۔