میڈیا پاکستان کو معاشی ،سیاسی بحران سے نکل سکتاہے،عمران شیروانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کو موجودہ جنگی ،معاشی اور سیاسی بحران سے نجات دلانے میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے اس کیلئے صحافیوں کو اپنا کردار خوش اسلوبی اور ایمانداری سے اداکرنا ہوگا ۔خبر کے چھپ جانے یا نشر ہونے سے ہمارا کام ختم نہیں ہوتا اس کے معاشرے پر اثرانداز ہونے والے عوامل سے بھی ہمیں آگاہ رہنا چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انٹر میڈیا پاکستان کے زیر اہتمام رپورٹنگ جینڈر اور لیبر ایشوز پر منعقد ہ کراچی کے مقامی ہوٹل میں تین روزہ تربیتی ورکشاپ کے ٹرینر سینئر صحافی و تجزیہ نگار عمران شیروانی نے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوںکو موجودہ حالات میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے جن کا مقابلہ کرنے کیلئے اس طرح کی ٹریننگ ورکشاپس ضروری ہیں ۔پاکستان میں صحافی عدم تحفظ کا شکار ہونے کے علاوہ میڈیا مالکا ن کے دبائو میں بھی رہتے ہیں ایسے حالات میں وہ صحافی اپنا کام بہتر طور پر کرسکتا ہے جس کو اپنے حقوق اور اہمیت کا درست اندازہ ہو۔خبروں کی بھر مار میں اکثر ایڈیٹر یہ فیصلہ نہیں کرپاتے کہ کس ایشو کو کتنی اہمیت دی جائے غلط فیصلے کے اثرات معاشرے پر پڑتے ہیں جس سے ہماری سوسائٹی ذہنی پسماندگی اور اخلاقی پستی کا شکار ہورہی ہے ۔ہمیں حکومت سے ٹکرائو اور فیصلہ سنانے کے بجائے اپنے حصے کا کام بہتر طور پر کرنا ہوگا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر پروگرامز انٹر میڈیا محمد وجیہہ اختر نے کہا کہ ہماری بھر پور کوشش ہے کہ ملک بھر میں صحافیوں کے تربیتی سیشن منعقد کئے جائیں ۔صحافت معاشرے کا تیسرا ستون ہے اس کو مضبوط کرنے کیلئے انٹر میڈیا اپنی کوششیں جاری رکھے گا بہت جلد ہمارا ادارہ اپنی فیلڈ میں نمایاں کام کرنے والے صحافیوں کیلئے ایوارڈ کا اجراء بھی کرے گا۔

تین روزہ تربیتی ورکشاپ میں جن صحافیوں نے شرکت کی ان میں محمد عمران ،چاند نواب ،انجم وہاب ،جی ایم خاصخیلی ،سید قلب محمد ،عمران خان ،ناصر ،افتخار،عزیز نقشبندی ،غلام مصطفی،سید شعیب سارم ،طاہر زید ی ،حسن آراء و دیگر صحافی شامل ہیں۔