پاکستان : (جیو ڈیسک) وفاقی وزیر پانی وبجلی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، کئی میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ وفاقی حکومت نے صوبہ خیبرپختونخواکے جنوبی اضلاع میں بجلی وپانی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے متعدد چھوٹے بڑے منصوبے شروع کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لکی سیمنٹ فیکٹری پیزومیں 132کے وی گرڈاسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کرم تنگی ڈیم وفاقی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، اس کیلئے رواں مالی سال میں خطیررقم مختص کی جائیگی کیونکہ یہ قومی اہمیت اورجنوبی اضلاع میں سبزانقلاب لانے کیلئے ایک اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرم تنگی ڈیم پر جلد کام دوبارہ شروع ہو گا جس سے تین لاکھ62ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی جبکہ 85میگاواٹ بجلی اس سے پیداہوگی انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے جنوبی اضلاع میں بجلی کے بحران کو حل کرنے کیلئے جن منصوبوں پرکام شروع کیا ہے اس میں 132سے220کے وی تک گرڈاپ گریڈیشن شامل ہیں جس سے ڈیرہ اسماعیل خان ،ٹانک اور ملحقہ اضلاع میں بجلی کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔