لاہور : (جیو ڈیسک) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ 99 فیصد صحافی ایماندار ہیں ۔یہ ریمارکس انہوں نے ایمرا کی جانب سے صحافیوں کے احتساب سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کے دوران دیے۔دوسری جانب ایمرا کی جانب سے دائر درخواست بھی واپس لے لی گئی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمر عطا بندیال نے کیس کی سماعت کی ،،عدالت کے روبرو الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملک ریاض کی طرف سے صحافیوں کو نوازنے کے بارے میں جو الزامات سامنے آئے ہیں۔ان کی تحقیق انتہائی ضروری ہے، جس کے لیے اعلی سطحی کمیشن مقرر کیا جائیتاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جاسکے۔چیف جسٹس نے درخواست گزار سے استفسار کیاکہ یہ معاملہ پہلے سے ہی سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے تو ہائیکورٹ اس کی سماعت کیسے کر سکتی ہے ۔چیف جسٹس کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف ایک فیصد طبقے کی کرپشن پر پوری برادری کو نشانہ نہ بنایا جائے ،معاشرے کی بہتری میں عدلیہ کے ساتھ میڈیا کا کردار بھی قابل تحسین ہے ۔