اسلام آباد (جیوڈیسک)بلوچستان کے وزیراعلی نواب اسلم رئیسانی نے وزیراعظم راجہ پرویزاشرف سے ایوان وزیراعظم میں ملاقات کی۔ اس موقع پروزیراعظم کا کہنا تھا کہ انھوں نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بھرپورتعاون کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔
اس موقع پرصوبے کی تازہ ترین صورتحال پرتفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میںوزیراعظم راجہ پرویزاشرف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے بلوچ عوام کا معیارزندگی بہتربنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انھوں نے تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کوہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے پورا تعاون کریں۔ حکومت نے ،چیف سیکرٹری بلوچستان کو سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انھوں نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے وزیرخزانہ کو فنڈز فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ کچی کینال پرتیزی سے کام جاری ہے اس کی تکمیل کیلئے چھ ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ ان ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل سے بلوچ عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔