نگران حکومت، 7 نام الیکشن کمیشن کو بھیج دیئے: چودھری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد(جیوڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ہے کہ نگران وزیر اعظم کے لیے 7 ناموں کو شارٹ لسٹ کر کے حزب اختلاف کی جماعتوں کو بھجوا دئیے ہیں، چیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے سوا سب کی جانب سے مثبت جواب آیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ نگران وزیراعظم کیلئے جن 7 ناموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ان میں سردار عطا اللہ مینگل سیمت 2 سابق ججز، وکیل رہنما اور 3 سیاسی شخصیات شامل ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف سے نگران وزیراعظم کیلئے ناموں پر مشاورت کی گئی لیکن ان کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں آیا۔ انھوں نے کہا انہوں نے نگران وزیراعظم کیلئے تمام نام جماعت اسلامی، مسلم لیگ قاف ہم خیال گروپ، نیشنل پارٹی، پیپلزپارٹی شیر پاو سمیت حزب اختلاف کی جماعتوں کو بھجوا دئیے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار علی خان نے کہا حزب اختلاف کی جماعتوں کو اگر کسی ا نام پر اختلاف ہوگا تو اسکا نام نکال دیں گے نئی فہرست تیار کی جائے گی۔ چوہدری نثار نے کہا کہ حتمی فہرست میں سے 2 نام منتخب کر کے حکومت کو نگران وزیر اعظم کے لیے بھجوائیں گے، اگر حکومت نہ مانی تو فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔