نیا فلمی ہفتہ آج سے شروع ہوگیا ہے۔ آج بالی ووڈ کی چار نئی فلمیں جسم 2، فرام سڈنی ودھ لو ، یہ جو محبت ہے اور کرشن اور کنس ریلیز ہوگئیں۔ کرشن اور کنس اینی میٹیڈ فلم ہے جبکہ فرام سڈنی ودھ لو اور یہ جو محبت ہے چھوٹے بجٹ اور چھوٹی کاسٹ کی فلمیں ہیں ۔ اس طرح کی فلموں کے بارے میں عمومی رائے یہی ہوتی ہے کہ یہ ٹکٹ گھر پر بھیڑ اکھٹی نہیں کرسکتیں۔
باکس آفس کے اتار چڑھاو پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ان چاروں فلموں میں سے بھٹ کیمپ کی فلم جسم ٹو بزنس کے حوالے سے سب سے آگے رہے گی۔ ماہرین اس کی سب سے پہلی وجہ فلم کی ہیروئن سنی لیون کو قرار دے رہے ہیں جو بھارتی نژاد کینیڈی ہونے کے ساتھ ساتھ عریاں فلموں میں بھی کام کرتی رہی ہیں۔یہ ان کی پہلی بالی ووڈ فلم ہے ۔
ماہرین کے مطابق دوسری اہم وجہ وہ تنازعات ہیں جو منفی ہونے کے باوجود فلم کی شہرت کا باعث بنے ۔ ان تنازعات میں سرفہرست پوسٹر تنازع ہے۔ اس فلم کے پوسٹرز حد درجہ غیر اخلاقی قرار دیئے جارہے ہیں ۔ نیو دہلی ٹیلی ویژن (این ڈی ٹی وی )کی ایک رپورٹ کے مطابق ممبئی کے میئر اور میونسپل کمشنر نے شہر بھر میں چلنے والی بسوں، بس ڈپو اور بجلی کے کھمبوں پر لگے فلم کے پوسٹرز کو فوری طور پر اتارنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
ان پوسٹرز میں سے ایک پوسٹر کے حوالے سے یہ تنازع بھی کھڑا ہوچکا ہے کہ وہ ایک غیر ملکی فیشن ڈیزائنر کے پوسٹر کی نقل ہے۔ فلم کا ٹائیٹل ٹریک بھی ایک ترکی گانے کی نقل قرار دیا جاچکا ہے اور اس پر بھی خاصی بحث چلتی رہی ہے تاہم فلم کے میوزک ڈائریکٹرز ارکو پراومکھرجی، متھن، رشک اور عبدالباسط احمدنے اس کی تردید کی ہے۔
جسم ٹوسیکوئل فلم ہے جس کی ڈائریکٹر ہیں پوجابھٹ جبکہ فنکاروں میں شامل ہیں سنی لیون، رندیپ ہدا اور ارونودے سنگھ۔پچھلے دنوں امرتسر میں فلم کی ڈائریکٹر اور ہیروئن دونوں کے خلاف مظاہرہ ہوچکا ہے۔ مظاہرے کی وجہ فلم کے نیم عریاں مناظر تھے۔ فلم کے خلاف مظاہرے اس حد تک بڑھے کہ ایک شہری نے الہ آباد ہائی کورٹ میں فلم کو روکنے کے لئے حکم امتناہی تک کے لئے مقدمہ دائر کردیا تھا۔
بہرکیف فلم ان تمام تنازعات کے باوجود آج بھارت بھر میں ریلیز ہوگئی۔تاہم فلم کوان تنازعات سے کس حد تک فائدہ یانقصان ہوسکتا ہے یہ دوایک روز بعد ہی پتہ چل سکے گا۔
پچھلے ہفتے کی فلموں کا حال ایک بھارتی ویب سائٹ گلیم شیم کے مطابق پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی دو فلموں میں سے ایک کیا سپر کول ہیں ہم نے اچھا آغاز کیا ہے ۔ فلم ایک ہفتے کے دوران ہی 22، 23کروڑ روپے کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی جبکہ دوسری فلم آلاپکو بری طرح ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔
دپیکا پڈکون کی فلم کاک ٹیل کی ریلیز کا آج سے تیسرا ہفتہ شروع ہورہا ہے۔ پچھلے دونوں ہفتوں میں فلم نے اچھا بزنس کیا ۔ تجزیہ نگاروں کی رائے میں کاک ٹیل اوسط درجہ کی فلم ثابت ہوئی ہے البتہ روہت شیٹھی کی فلم بول بچن کئی ہفتے گزرجانے کے باوجود اچھا بزنس کررہی ہے۔ اس فلم کے بارے میں پہلے ہی یہ اندازے لگالئے گئے تھے کہ فلم 100 کروڑ کی حد عبور کرلے گی۔