قومی احتساب بیورو نے سیاستدانوں کے مقدمات کا ازسرنو جائزہ لینے کے لیے نیب افسران پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ چیئرمین نیب ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری کی سربراہی میں ہونے والی نیب بورڈ کی میٹنگ میں ایک خصوصی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے جو سیاستدانوں کے خلاف قائم مقدمات کا ازسر نو جائزہ لے گی۔ نیب ہیڈکوارٹر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ خصوصی کمیٹی سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے مقدمات کو واپس لینے کا اختیار رکھتی ہو گی۔ اس کمیٹی کے قیام پر قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کو نیب مقدمات میں فائدہ پہنچ سکے گا۔