امریکا (جیوڈیسک)چاند پر پہلا قدم رکھنے والے خلاباز نیل آرمسٹرانگ 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔چاند پر پہلا قدم رکھنے والے نیل آرمسٹرونگ 5 اگست 1930 کو امریکا میں پیدا ہوئے۔ امریکی خلائی جہاز اپالو گیارہ نے 16 جولائی کو کینیڈی اسپیس سینٹر سے اپنے تاریخی سفر کا آغاز کیا۔ چار دن کے بعد نیل آمسٹرانگ نے جب اپنا پہلا قدم چاند کی سطح پر رکھا تو ان کی زبان سے نکلا۔ “یہ ایک آدمی کے لئے چھوٹا قدم ہے لیکن انسانیت کے لئے ایک عظیم جست “۔ اس قدم کے بعد ان کا نام تاریخ کے صفحات پر ہمیشہ کیلئے ثبت ہوگیا۔ اس عظیم قدم کو کروڑوں انسانوں نے براہ راست ٹی وی پر دیکھا۔ اس سفر میں چاند کی سطح پر ایک لوح بھی نصب کی گئی جس پر لکھا تھا “یہ وہ جگہ ہے جہاں سیارہ زمین سے آکر انسان نے پہلی مرتبہ قدم رکھا، اور انسان پوری کائنات کے لئے امن کا پیغام لے کر یہاں آیا”۔ نیل آرمسٹرونگ چاند کے سفر کے بعد ناسا کے مختلف تحقیقاتی منصوبوں سے منسلک ہو گئے۔1971 میں ناسا سے ریٹائرمنٹ کے بعد کاروباری کمپنیوں کے لئے خدمات انجام دیتے رہے۔
آرمسٹرونگ طویل عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ اگست 2012 میں ان کا پہلا آپریشن ہوا۔ ان کی خدمات کا اعتراف میں انہیں کئی اعزازت سے نوازا گیا۔ 18 نومبر 2010 کو انہوں نے اپنی سب سے بڑی خواہش کا ذکر کیا کہ وہ مشن مریخ میں کمانڈر کیطور پر خدمات سرانجام دینا چاہتے ہیں۔