وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے نیٹو حملے میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر پاکستان سے تعزیت کی ہے۔ دوسری جانب پینٹاگان حکام کہتے ہیں کہ اگر اسلام آباد سے معافی مانگی گئی تو صدارتی انتخاب میں ری پبلکن اسے صدر اوباما کے خلاف استعمال کریں گے۔ وائٹ ہاوس کے ترجمان جے کارنی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وہ امریکی صدر براک اوباما اور امریکی قوم کی جانب سے نیٹو حملے پرپاکستان سے تعزیت کرتے ہیں۔ کارنی کا کہنا تھا واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔ اور پاکستانی فوجیوں کی شہادت ایک سانحہ ہے۔ ادھر امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق محکمہ خارجہ کے حکام نے صدر اوباما سے کہا تھا کہ وہ پاکستان سے معافی مانگیں۔ لیکن پینٹاگان نے اس کی مخالفت کی۔ اور کہاکہ اگر صدر نے پاکستان سے معافی مانگی تو صدارتی انتخاب میں ری پبلکن پارٹی معافی کو اوباما کے خلاف استعمال کر سکتی ہے۔