نیٹو سپلائی: امریکا پاکستان کو 10 لاکھ ڈالر روزانہ دے گا

Nato Supply

Nato Supply

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) امریکا نیٹو سپلائی کی بحالی پر پاکستان کو دس لاکھ ڈالر روزانہ دے گا، امریکی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان سلالہ واقعہ پر امریکا سے معافی مانگنے کے مطالبے سے دستبردار ہو گیا۔ امریکی اخبار کرسچن سائنس مانیٹر نے دعوی کیا ہے کہ نیٹو سپلائی کھولنے کے معاملے پر طے پانے والے معاہدے کے نتیجے میں امریکا پاکستان کو تین سو پینسٹھ ملین ڈالر سالانہ دے گا۔ اس طرح پاکستان کو تقریبا ایک ملین ڈالر روزانہ ملیں گے۔ بدلے میں پاکستان امریکا کو نیٹو کو سپلائی کی سیکیورٹی فراہم کرے گا۔

امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے پاکستان اب اس مطالبے سے دستبردار ہو گیا ہے کہ سلالہ حملے پر امریکا معافی مانگے۔ اخبار کے مطابق بات چیت میں ڈرون حملے بند کرنے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔ پاکستان نے گزشتہ برس چھبیس نومبر کو چوبیس پاکستانی فوجیوں کی شہادت کے بعد نیٹو سپلائی بند کر دی تھی جس کے بعد سے امریکا کو افغانستان میں برسر پیکار فوجیوں کیلئے وسطی ایشیا، جارجیا اور بحیرہ اسود کے ذریعے چھ ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے سپلائی پہنچانا پڑ رہی تھی جبکہ پاکستانی روٹ سے یہ فاصلہ پانچ سو میل سے بھی کم پڑتا ہے۔