اسلام آباد : (جیو ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی صرف امریکا کے لیے نہیں ہے۔ قومی مفاد کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں ہوگا۔ منور حسن کا کہنا ہے نیٹو سپلائی کی بحالی سیاسی خودکشی کے مترادف ہے۔وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے جماعت اسلامی کے رہنما منور حسن سے منصورہ میں ملاقات کی۔ جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی پر پارلیمنٹ کی تجاویز کی روشنی میں کام کررہے ہیں ابھی اس کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
رحمان ملک کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی کیی بحالی صرف امریکا کے لیے نہیں بلکہ نیٹو میں شامل اڑتالیس ممالک کے لیے ہے عوامی امنگوں کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ رحمان ملک نے کہا کہ اگر پنجاب کی بیوروکریسی وفاق کے خلاف پروپیگنڈا کرے گی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔
جماعت اسلامی کے سربراہ منور حسن کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی سے ملک میں سلالہ جیسے واقعات رونما ہوں گے اور ایسا کرنا سیاسی خودکشی کے مترادف ہے۔ منور حسن نے کہا کہ نیٹو سپلائی بحال کی گئی تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جائے گا۔