نیپال میں ہوا بازی سے منسلک عہدے داروں نے کہا ہے کہ اتوار کو طیارے کے ایک حادثے میں 19 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں اکثریت سیاحوں کی تھی جو دنیا کی بلند ترین چوٹی مانٹ ایورسٹ کا نظارہ کرنے آئے تھے۔ عہدے داروں نے بتایا کہ حادثے میں صرف ایک شخص زندہ بچا لیکن شدید زخموں کے باعث وہ بھی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ کھٹمنڈو سے چند کلو میٹر جنوب میں گر کر تباہ ہوا جہاں حادثے کے وقت شدید دھند چھائی ہوئی تھی۔ عہدے داروں کا کہنا تھا کہ بدھا ایئر کا بیچ کرافٹ ساخت کا طیارہ مانٹ ایورسٹ اور دوسری بلند چوٹیوں کا چکر لگانے کے بعد کھٹمنڈو لوٹ رہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔