ن لیگ کی سیاست منافقت پر استوار ہے، چوہدری محمد طفیل

گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے رکن اور ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری محمد طفیل نے کہا ہے کہ ن لیگ کی سیاست منافقت پر استوار ہے ، پہلے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت کرتے رہے اب مخالف ہونے کی اداکاری کر رہے ہیں ، ق لیگ کے خلاف زہر اگلنے کے بعد ان کے لیڈروں کو برا بھلا کہنے کے بعد اب ہماری ٹکٹ پر کامیاب ہونے والوں کے سہارے پنجاب میں حکمران ہیں یہ ایک ایسی پارٹی ہے جس کے اپنے مفادات ہوں تو سب اصول دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں ، چوہدری محمد طفیل نے کہا کہ گجرات کے عوام آئندہ الیکشن میںٹیکنیکل نوسر بازوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔

چوہدری برادران کی سیاست کی بنیاد عوامی خدمت ہے ابھی تک کوئی اور جماعت ترقیاتی منصوبوں کے لحاظ سے یا بے روزگار نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنے کے ہمارے کام کا مقابلہ نہیں کر سکتی ، چوہدری محمد طفیل نے کہا کہ کچھ لوگ جن کی شناخت ہی ہماری جماعت کی وجہ سے ہوئی اور انہوں نے اقتدار میں بھی شرکت کی وہ اس قابل نہیں ہیں کہ ان کے لوٹا ہونے پر تبصرہ کیا جائے نہ ہی وہ ووٹ کے لحاظ سے اس قابل ہیں اور نہ ہی اپنے کردار کے حوالہ سے قابل ذکر ہیں ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ضلع گجرات میں ہماری جماعت کے مخلص کارکن مضبوطی کے ساتھ اپنے قائدین کے ساتھ کھڑے نہیں اور جو لوگ ق لیگ کے خاتمے کے جواب دیکھتے رہے ہیں ان کو آئندہ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ قائداعظم ایک حقیقت کے طور پر نظر آئے گی۔

چوہدری محمد طفیل نے کہا کہ شہر میں ہونے والے تاجر تنظیموں کے الیکشنوں میں جو لوگ کامیاب ہوئے ہیں ، ہم انہیں مبارک باد دیتے ہیں ، ان انتخابات میں بھی لوگوں کے رحجان کا پتہ چلتا ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ ن لیگ کی سیاست جو کہ سپریم کورٹ کے ذریعہ کی جارہی ہے ، یہ بھی ناکام ہو گی۔