سندھ(جیوڈیسک)سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے وحیدہ شاہ کیس میں اپنا فیصلہ پندرہ دن کیلئے معطل کرتے ہوئے وحیدہ شاہ کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی مہلت دے دی ہے۔
ٹنڈومحمد خان کے ضمنی انتخابات میں وحیدہ شاہ کی طرف سے الیکشن عملے کو تھپٹر مارنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن آف اکستان نے اس معاملے کی سماعت کی تھی اور وحیدہ شاہ کو ایک ہزار روپے جرمانہ کی سزا سناتے ہوئے حلقہ میں دوبارہ انتخاب کروانے کا حکم دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تاہم جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اپیل مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ تاحال برقرار رکھا تھا آج وحیدہ شاہ کے وکیل حیدر امام رضوی نے درخواست دی کہ فیصلہ سنانے والے بنچ کے سربراہ شہر سے باہر ہیں اور انہیں اس فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کیلئے دو ہفتے کی مہلت درکار ہے۔
بنچ نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلے پر پندرہ دن کیلئے عملدرآمد روک دیا ہے تاکہ وحیدہ شاہ کے وکیل سپریم کورٹ سے رجوع کرسکیں۔