پاکستان میں ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی واپسی ہو رہی ہے۔ ورلڈ الیون اور پاکستان آل اسٹارز کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز بیس اور اکیس اکتوبر کو کراچی میں کھیلے جائینگے۔
صوبائی وزیر کھیل سندھ اور چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی ڈاکٹر محمد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ الیون کی آمد سے دنیا کو یہ پیغام پہنچے گا کہ پاکستان کھیل اور کھلاڑیوں کیلئے محفوظ ملک ہے۔ پاکستان آل اسٹارز کی قیادت شاہد آفریدی کرینگے۔
سری لنکن لیجنڈری بیٹسمین سانتھ جے سوریا ورلڈ الیون کے کپتان ہیں۔ ورلڈ الیون ٹیم کے کھلاڑی اٹھارہ اکتوبر کو کراچی پہنچیں گے۔ انیس اکتوبر کو کھلاڑی پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ نے بتایا کہ ایونٹ پر تین کروڑ روپے کے اخراجات آئینگے۔سیکورٹی انتظامات کیلئے پانچ ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائینگے۔ ٹکٹوں سے حاصل رقم کا تیس فیصد سیلاب زدگان کو دیا جائیگا۔