وزیراعظم سپریم کورٹ کا حکم نہ مان کر چوروں، ڈاکوں تحفظ دے رہے ہیں:شہبازشریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور: وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ پنجاب کے ترقیاتی اور فلاحی منصوبے صرف پنجاب تک محدود نہ رہیں اور آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ( ن ) کامیاب ہو کر صوبہ خیبر پختونخواہ سمیت پورے پاکستان میں آشیانہ ہائوسنگ سکیم ، دانش سکول سسٹم اور لیپ ٹاپ سکیم جیسی سکیمیں شروع کرے ۔

انہوں نے یہ بات پشاور سے لاہور روانگی کے وقت مسلم لیگی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید، ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی رانا مشہود اور زعیم قادری ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ( ن ) کی کامیابی کے بعد لاہور اور راولپنڈی کی طرح پشاور کے ہونہار نوجوان بھی میری خواہش کے مطابق لیپ ٹاپ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری سوچ ایک پاکستانی اور مسلم لیگی کی سوچ ہے اور میں پورے پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتا ہوں ۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی سپریم کورٹ کا حکم نہ مان کر چوروں ، قاتلوں ، ڈاکوئوں اور لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کو تحفظ دے رہے ہیں ۔

عدلیہ کے احکامات کی خلاف ورزی کر کے قانون کی حکمرانی کا تصور کیسے باقی رہ سکتا ہے ۔ وزیر اعظم نے قانون کی عملداری کو سوالیہ نشان بنا کر رکھ دیا ہے ۔ اپنے بیانات سے وزیر اعظم بین الاقوامی طور پر کیا پیغام دینا چاہتے ہیں کہ لوٹ کھسوٹ کرنے والوں ڈاکوئوں ، لٹیروں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے اور یہاں جنگل کا قانون ہے ۔ وہ دنیا کو پاکستان پر جگ ہنسائی کا موقع دے رہے ہیں ۔
قانون اور عدلیہ کا احترام ختم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو خیال کرنا چاہیے کہ وہ زرداری کے نہیں 18 کروڑ عوام کے وزیر اعظم ہیں ۔ یوسف رضا گیلانی کو اب فرد واحد کی غلامی کا طوق اتار دینا چا ہیے۔ انہوں نے کہا کہ سوئس بنکوں میں پڑی ہوئی قوم کی دولت آج نہیں تو کل واپس لانی پڑے گی اس لئے عدلیہ کے احکامات پر عملدرآمد کیا جائے ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملکی خزانے کو چوروں اور ڈاکوئوں نے بے دردی سے لوٹا ہے اور یہ سلسلہ پچھلے چار سالوں سے زیادہ زور شور سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئیے دعا کریں کہ خدا پاکستان کو ان چوروں اور ڈاکوئوں ، قانون شکنی اورعدلیہ کے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں سے نجات دلائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) آئندہ انتخابات میں کامیاب ہو کر قائد اعظم کے پاکستان کو علامہ اقبال کے خوابوں کی طرح معاشی طور پر مستحکم اور مضبوط پاکستان بنائے گی ۔ وہ اپنے پشاور کے دورے کے دوران کچھ عرصہ قبل وفات پانے والے مسلم لیگی رہنما انور کمال مروت کے گھر گئے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی اور کہاکہ وہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے دیرینہ کارکن اور کڑے وقت کے ساتھی تھے ۔

ان کی وفات ان کے خاندان کے علاوہ پا رٹی کیلئے بھی بڑا نقصان ہے ۔ اس موقع پر مقامی مسلم لیگی رہنما پیر صابر شاہ ، سردار مہتاب عباسی ، ظفراقبال جھگڑا، فرید طوفان، شازیہ اورنگزیب ، رحمت اسلام خٹک اور مفتی نوید العصر بھی موجود تھے ۔