اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے سپریم کورٹ میں پیش ہو کر نئی تاریخ رقم کی، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس فروری کے پہلے ہفتہ میں ہو گا۔ پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر اپوزیشن سے مشاورت ہو رہی ہے۔ مشترکہ اجلاس میں وار آن ٹیرر پر نیٹو اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ تعاون کی نئی شرائط طے کی جائیں گی اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق نامکمل ووٹرز لسٹوں پر ہونے والے انتخابات کو آئینی تحفظ دینے پر بھی مشاورت ہو گی۔ جلد فعال الیکشن کمیشن کا قیام یقینی بنا کر شفاف انتخابات کرائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عارضی سہاروں پر آئے تھے نہ کھڑے ہیں۔ منتخب پارلیمنٹ مدت پوری کرے گی۔ الزامات کی فیکٹری میں سب سے آسان کام انگلی اٹھانا ہے۔ کرپشن کسی ایک شعبہ یا معاشرے میں نہیں۔ جمہوری حکومت کے قیام سے ہی چیلنجز ساتھ چلتے رہے ہیں ،مسائل کا حل حکومت کو مدت پوری کرنے دینے میں ہے۔ اتحادیوں کی مدد سے مدت پوری کر کے دوبارہ آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور وہ مقررہ وقت پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ٹیم کے کپتان ہیں ،جانتے ہیں کس کھلاڑی کو کہاں کھلانا ہے۔ منصور اعجاز کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ کیس عدالت میں ہے انہوں نے جو جادو گری دکھانی ہے۔ دکھا دیں ہم اگر گھبراتے تو ویزہ جاری نہ کرتے۔