وزیراعظم کی سپریم کورٹ میں پیشی، اتحادی بھی ساتھ

gilani

gilani

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہوئے تو ان کے ساتھ وفاقی وزرائ، پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پیشی کیلئے بیرسٹر اعتزاز احسن کی گاڑی خود ڈرائیو کر کے سپریم کورٹ پہنچے۔ ان کے ساتھ والی سیٹ پر اعتزاز احسن بھی موجود تھے۔ ان کا ساتھ دینے کیلئے وفاقی وزرائ، اتحادی جماعتوں کے سربراہان، پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمائوں کی بڑی تعداد پہلے ہی سپریم کورٹ پہنچ گئی تھی۔ ان میں وفاقی وزراء امین فہیم ، مولا بخش چانڈیو، حنا ربانی کھر، رحمان ملک، خورشید شاہ، فردوس عاشق اعوان ، منظور وٹو، نوید قمر، ریاض حسین پیرزادہ، اسرار اللہ زہری، وزیراعظم آزاد کشمیر، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر، سندھ اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلی، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی ، مسلم لیگ قاف کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ ، راجہ پرویز اشرف، شرمیلا فاروقی اور دیگر رہنما شامل تھے۔
اس موقع پر سپریم کورٹ کے احاطے اور اطراف میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ججز کالونی اور وزیراعظم کے روٹ کے راستے سیل تھے۔ شاہراہ دستور اور اطراف میں نو سو ستر پولیس اہلکار اور رینجرز کی ایک کمپنی تعینات کی گئی۔ رینجرز کی دوسری کمپنی اور ایف سی اسٹینڈ بائے رکھی گئی۔ سپریم کورٹ کے اطراف سیکورٹی فورسز کی خصوصی پیٹرولنگ اور علاقے کی فضائی نگرانی کی جا تی رہی۔ سپریم کورٹ کے احاطے میں اضافی سیکورٹی کیمرے نصب کئے گئے تھے۔