پاکستان : (جیو ڈیسک)وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے پاکستان مستحکم افغانستان چاہتا ہے۔ امریکی صدر براک اوباما نے امید ظاہر کی ہے پاکستانی پارلیمنٹ کی سفارشات میں ملکی خودمختاری اور امریکی سلامتی کا خیال رکھا جائے گا۔جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیل میں ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سلالہ چیک پوسٹ، افغانستان میں مصالحتی عمل، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی صدر نے سلالہ چیک پوسٹ حملے پر نرم رویہ اختیار کرتے ہوئے وزیراعظم کو مستقبل میں بہتر تعلقات کی یقین دہانی کرائی اور توقع ظاہر کی پاکستانی پارلیمنٹ کی نظر ثانی شدہ رپورٹ میں پاکستان کی خودمختاری کو ملحوظ خاطر رکھنے کے ساتھ امریکا کی سلامتی کا خیال بھی رکھا جائے گا۔
اوباما نے کہا دونوں ملکوں کے تعلقات میں اعتماد کا فقدان کم کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ امریکا پاکستانی معیشت کو بہتر بنانے میں بھی تعاون کرے گا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے واضح کیا پاکستان اور امریکا کے تعلقات پارلیمنٹ کی رپورٹ کی روشنی میں ازسر نو ترتیب دئیے جائیں گے۔ پاکستان خود مختار ملک ہے اور خارجہ پالیسی پارلیمنٹ ہی بنائے گی۔
ملاقات سے پہلے امریکی صدر براک اوباما نے اعتراف کیا پاکستان اور امریکا کے تعلقات کشیدہ ہیں۔ دونوں ملکوں میں تعلقات کی بحالی اور بہتر روابط ناگزیر ہیں۔