وزیراعلیٰ پنجاب نے گجرات کے طلباء وطالبات میں کیش پرائز تقسیم کر دئیے ہیں
Posted on March 14, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات : وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے صوبہ بھر میں تقریری و ادبی مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گجرات کے تقریباً چارسو پچاس طلباء وطالبات میں مجموعی طور پر دس لاکھ آٹھ سو روپے کے کیش پرائز تقسیم کر دئیے ہیں ۔ یہ کارنامہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا بچوں کے ساتھ تعلیم کے میدان میں عملی اقدامات کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ای ڈی او ایجوکیشن سید جواد حیدر شیرازی نے آج گورنمنٹ میونسپل گرلز ماڈل سکول میںوزیراعلیٰ پنجاب تقریری و ادبی مقابلہ جات کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامی رقوم میں کرتے ہوئے کیا ۔ ایڈیشنل کلکٹرسید شہباز حسین نقوی، سیاسی رہنما وسابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود ،ڈپٹی ڈی او جنید بٹ ،ڈپٹی ڈی او ، رخسانہ قدیر ،میڈم غزالہ شاہین ، میڈم ثمینہ مفتی اور معززین شہر بھی تقریب میں موجود تھے ۔ ای ڈی او ایجوکیشن سید جواد حیدر شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے تعلیم کے میدان میں کئے جانے والے اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے مخلص ہیں ۔ اور صوبہ بھر میں تعلیم کے شعبہ میں کئے جانے والے اقدامات جن میں لیپ ٹاپ کی فراہمی ،کیش پرائز کی تقسیم ، طلباء کو گارڈ آف آرنر پیش کرنا انہی کا کارنامہ ہے ۔ سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ایسا زیور ہے جسے کوئی چورا نہیں سکتا دنیا بھر میں تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو نا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب ان کے مستقبل کو روشن بنانے کے لئے جو عملی اقدامات کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں ۔ تقریب کے اختتام پر ای ڈی او ایجوکیشن سید جواد حیدر شیرازی،سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود نے پرائمری مرکز پرائمری تحصیل ، مڈل تحصیل ،اور سیکنڈری تحصیل کی سطح پر وزیر اعلیٰ ادبی مقابلہ جات میں نمایا ں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبائوطالبات میں کیش پرائز تقسیم کیے ۔