فرانس : (جیو ڈیسک) ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا دسواں مرحلہ بریڈلے وگنز کے نام رہا۔ بریڈلے وگنز مجموعی برتری اور یلو جرسی بھی برقرار رکھنے میں کامیاب ہیں۔
ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا اکتالیس اعشاریہ پانچ کلومیٹر پر مبنی دسواں مرحلہ بریڈلے وگنز نے اکیاون منٹ چوبیس سیکنڈ میں طے کیا۔ ان کے ہم وطن کرس بروم پینتیس سیکنڈ کے فرق سے دوسرے جبکہ اولمپک اور ملٹی چیمپئن سوئٹزرلینڈ کے فیبین کینسی لیرا تیسرے نمبر پررہے۔
بریڈلے وگنز انتالیس گھنٹے نو منٹ اور بیس سیکنڈ سے مجموعی برتری اور ریس لیڈر کی یلو جرسی برقرار رکھے ہوئے ہیں اور انکے پہلے برٹش ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس چیمپئن بننے کا امکان روشن ہے۔مجموعی برتری میں سیڈل ایوانز دوسرے اور کرس بروم تیسرے نمبر پر ہیں۔