ٹی بی ایک قابل علاج مرض ہے جس کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ شاہد نواز
Posted on December 21, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات(جی پی آئی)ٹی بی ایک قابل علاج مرض ہے جس کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ، ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ٹی بی کنٹرولر ڈاکٹر شاہد نواز کھوکھر نے مقامی ریسٹورنٹ میں جرنلسٹس ریفریشر کورس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان دنیا کے بیس ان ممالک میں شامل ہوتا ہے جہاں ٹی بی تیزی سے پھیل رہی ہے ، اس کی سب سے بڑی وجہ غربت اور جہالت ہے ، اور لوگوں میں شعور بیدار کرنے کے سلسلہ میں صحافی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، وہ اپنی تحریر کے ذریعے ٹی بی کی علامات پر روشنی ڈال سکتے ہیں ، گجرات میں 12مراکز پر ٹی بی کی تشخیص اور علاج کی سہولیات میسر ہیں۔
اگر ہم صحیح معنوں میں ٹی بی کے علاج کی طرف توجہ دیں تو یہ مرض ختم ہو سکتا ہے ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی موبلائزر مس راحیلہ گوشی نے کہا کہ مرسی کور نیشنل ٹی بی کنٹرول پروگرام کے ساتھ ملکر اس موذی مرض کے خلاف جہاد میں شریک ہے ، کمیونٹی موبلائزر محمد قاسم نے کہا کہ ٹی بلا شبہ قابل علاج مرض ہے جس کے خاتمہ کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ،اس وقت گجرا ت میں سینکڑوں مریض زیر علاج ہیں ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری گجرات پریس کلب اعجاز شاکر نے کہا کہ گجرات پریس کلب ٹی بی کے خلاف شعور بیدار کرنے کے سلسلہ میں ہمیشہ این ٹی بی کے ساتھ ملکر کام کرتا ہے اور آئندہ بھی اس سلسلہ میں اپنی خدمات مہیا کرتا رہے گا ، اس تقریب میں گجرات پریس کلب کے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔