ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے آئندہ ہفتے کاٹن جنرز سے دس لاکھ روئی کی گانٹھیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی سیکریٹری ٹیکسٹائل شاہد رشید کی صدارت میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز، اپٹما،پی سی جی اے ، ٹی سی پی اور کاشت کاروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبر احسان الحق کے مطابق پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ کاٹن جنرز سے کم از کم فی من روئی6500 روپے کے حساب سے خریدی جائے تاہم اپٹما اور کے سی اے کے نمائندوں نے اتفاق نہیں کیا۔ اس فیصلے کی منظوری جنوری میں ہونے والے ای سی سی کے اجلاس میں دی جائے گی۔