کراچی(جیوڈیسک)مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دے کر قیمتیں کم کر سکتی ہے۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ ماضی کی غلط پالیسیوں کے سبب ملک کو توانائی بحران کا مسئلہ درپیش ہے۔ حکومت کو ماہانہ تیس سے چالیس ارب روپے بجلی کی فراہمی کی مد میں نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے اسے ٹھیک کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاہم اس ترمیم کا اطلاق نئی دریافت کی جانے والی گیس فلیڈ پر ہوگا۔ داکٹر عاصم نے گیس کمپنیوں کے منافع شمار کرنے کے طریقہ کار کو غلط قرار دیا۔
شہر قائد کی امن وامان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر زرداری اور الطاف بھائی کو شہر کی صورتحال پر تشویش ہے۔ اس سے پہلے چیمبر کے سابق صدر سراج تیلی نے کہا کہ شہر میں ہونے والی ہلاکتوں کا صدر اور وزیر اعظم نوٹس لیتے ہیں اور مذمت کرتے ہیں لیکن پھر بھی یہ سلسلہ ختم نہیں ہوتا۔