چیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی قراردادوں کے باوجود ڈرون حملے جاری ہیں۔ ڈرون حملہ چاہے کہیں بھی ہو ہماری خودمختاری اور قومی سلامتی پر حملہ ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں قبائلی عمائدین کے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت ڈرون حملوں کے حوالے سے اپنی سرزمین کو تحفظ فراہم کرے یا پھر اپنی ناکامی کا اعتراف کرے حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ اپنے ملک کے اندر فوجی طاقت کا استعمال امن کا سبب نہیں بن سکتا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دس سالوں میں نوے ارب ڈالرز کا نقصان ہوا ہے اور چالیس ہزار نہتے پاکستانی جنگ کا حصہ نہ ہونے کے باوجود شہید ہو چکے ہیں مگر حکمرانوں کو ملک کے فائدے نقصان کا احساس تک نہیں۔