پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے فوری آل پارٹیز کسان کانفرنس بلا کر نئے ڈیموں کی تعمیر کا مطالبہ کر دیا

Pakistan farmer Welfare Council

Pakistan farmer Welfare Council

گوجرہ : پاکستان کسان ویلفیئر کونسل نے خطرناک حدتک بڑھتی ہوئی پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے فوری طور پر آل پارٹیز کسان کانفرنس بلاکر نئے ڈیموں کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان کو بنجر ہونے سے بچانے سمیت متوقع غذائی بحران سے نجات دلانے کیلئے تمام بڑی سیاسی جمہوری قوتیں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور آل پارٹیز کسان کانفرنس طلب کر کے پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

کونسل کے چیئرمین چوہدری عبداللطیف سہو نے کہاہے کہ انڈیاکی کھلی آبی جارحیت ، سابق انڈس واٹر کمشنر کی مبینہ ملی بھگت سے پاکستان کو بنجر بنانے ، کم بارشوں، نہروں میں پانی نہ ہونے ، بڑے زمینداروں کی جانب سے پانی چوری ، ٹیل تک پانی نہ پہنچنے کے باعث رواں سال لاکھوں ایکڑ رقبہ پر کھڑی فصل تباہ ہونے کا شدید خطرہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ مقتدر حلقے پانی کی کمی کے مسئلہ کو سنجیدگی سے نہ لے رہے ہیں جس سے خطرناک بحران جنم لینے کا اندیشہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ قبل ازیں ڈیزل انجنز اور ٹیوب ویلوں کے ذریعے کسی حد تک فصلات کو سیراب کیا جا رہا تھا لیکن اب بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے کسانوںکو کسی سہولت سے بھی محروم کر دیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر بلاجواز ہٹ دھرمی ترک کرتے ہوئے فوری طور پر نئے ڈیمزکی تعمیر کاآغاز نہ کیاگیاتوپاکستان کو بد ترین بحران سے دنیاکی کوئی طاقت نہیں بچا سکے گی۔ انہوںنے ہزاروں ٹیوب ویلوں کی بندش کے باعث فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔